سی سی ڈی کا ایکشن،2اشتہاری پکڑ لئے

30 اور 18سال سے مفرور دونوں قاتل اشتہاری گرفتار ہو گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر) قتل کے مقدمہ میں مفرور اشتہاری ملزم 30 سال بعد گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی جھنگ نے اٹھارہ ہزاری کے علاقہ سے مقدمہ قتل کے مفرور اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم 30 سال قبل ڈیرہ غازی خان میں ایک شہری کو قتل کرکے فرار ہو گیا تھا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر اپنی شناخت تبدیل کروا رکھی تھی۔ ملزم نے شناختی کارڈ پر اپنا نام منظور حسین سے تبدیل کرکے محمد علی کروا لیا تھا۔ ملزم ڈیرہ غازی خان میں قتل سمیت درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ سی سی ڈی ساہیوال نے بھی 18 سال سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ اشتہاری ملزم محمد حنیف 18 سال قبل پولیس اسٹیشن غازی آباد میں شہری کو قتل کر کے فرار ہو گیا تھا۔ سی سی ڈی جھنگ اور ساہیوال نے پروفیشنل اسکلز کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ سی سی ڈی کا پنجاب بھر میں اشتہاری ملزمان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ مفرور اشتہاری ملزمان کو ہر قیمت پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔