جمیل گجر نماز کی ادائیگی کے بعد گھر جا رہے تھے، موقع پر دم توڑ دیا
ملزم ساجد جائے وقوعہ سے فرار، ڈی پی او قصور کا نوٹس، رپورٹ طلب
پتوکی (خصوصی رپورٹ)پھول نگر میں بچوں کی لڑائی سے منع کرنے پر ملزموں نے چھریوں کے وار کرکے مقامی صحافی کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پھول نگر کے محلہ بلال پورہ میں مقامی صحافی چودھری جمیل گجر مسجد میں نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ ساجد سمیت دیگر ملزموں نے اْن پر چھریوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں جمیل گجر دم توڑ گئے، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ان کی گلی میں بچوں کی لڑائی ہورہی تھی تو صحافی چودھری جمیل گجر نے بچوں کو لڑائی سے منع کیا تھا، اسی رنجش پرنشہ کیعادی ملزم ساجد نے ان پر چھریوں کے پے در پے وار کئے۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پتوکی رانا سجاد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیاہے۔