گل پلازہ ریسکیو آپریشن: ڈی سی ساوتھ جاوید نبی کھوسو کا بیان، لاپتا افراد کی تلاش جاری

گل پلازہ ریسکیو آپریشن: ڈی سی ساوتھ جاوید نبی کھوسو کا بیان، لاپتا افراد کی تلاش جاری

کراچی میں ڈی سی ساوتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص ہے، عمارت کو نہیں گرایا جائے گا اور جیسے ہی تمام افراد کی تلاش مکمل ہو جائے گی، تب پوری عمارت کو محفوظ طریقے سے گرایا جائے گا۔

گل پلازہ میں پانچویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے اور حکام کی کوشش ہے کہ جلد از جلد لاشوں کی شناخت ممکن ہو۔ اب تک مرنے والوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے، جب کہ ملبے سے نکلنے والے 17 افراد کی شناخت ابھی باقی ہے۔ 11 افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور 85 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ڈی سی ساوتھ کے مطابق، 39 لاپتا افراد کی لوکیشن عمارت کی مختلف جگہوں سے معلوم ہو چکی ہے، لیکن عمارت کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں ریسکیو ٹیم ابھی نہیں پہنچ سکی۔ ملبے کو مشین اور دستی طور پر ہٹایا جا رہا ہے، تاہم عمارت کے گرے ہوئے حصے کو اٹھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمارت کے اندر ابھی بھی دھواں اور گرمائش موجود ہے، اس لیے کولنگ کا انتظام کیا جا رہا ہے اور جہاں تک پہنچ سکتے ہیں، وہاں سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی سی ساوتھ نے واضح کیا کہ لاپتا افراد کی فہرست میں کچھ نام ڈبل ہیں جن کی جانچ کی جا رہی ہے، اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے پیشِ نظر کسی بھی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی۔علاوہ ازیں، جاوید کھوسو نے بتایا کہ رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور ایس بی سی اے سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر ضروری معلومات طلب کی گئی ہیں تاکہ متاثرہ علاقے میں کام محفوظ طریقے سے جاری رہے۔