ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ

ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے ایئر فورس ون کے عملے نے سوئٹزرلینڈ کے لیے روانگی کے دوران فنی خرابی کی نشاندہی کی، جس کے بعد طیارے کو واشنگٹن واپس موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، طیارے نے پرواز بھرتے ہی معمولی الیکٹرک خرابی کی اطلاع دی، اور احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارہ واپس جوائنٹ بیس اینڈریوز پر اتارا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس اقدام کے پیچھے کوئی ہنگامی صورتحال نہیں تھی اور یہ محض احتیاطی اقدام تھا۔واشنگٹن واپسی کے بعد صدر ٹرمپ ایک دوسرے طیارے میں سوار ہو کر ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ ہوں گے۔ ڈیووس روانگی سے قبل صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا:"یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہونے والا ہے، لیکن آپ کی نمائندگی بھرپور انداز میں کی جا رہی ہے۔"

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران اپنی انتظامیہ کی کامیابیوں کی فہرست بیان کی اور اقوامِ متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈیووس میں صدر ٹرمپ کی تقریر کا محور رہائش کے اخراجات میں کمی سے متعلق ان کا ایجنڈا ہوگا۔