فلائی دبئی کی دبئی۔تل ابیب پرواز میں ہائی جیکنگ الرٹ، طیارے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

فلائی دبئی کی دبئی۔تل ابیب پرواز میں ہائی جیکنگ الرٹ، طیارے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی مسافر پرواز نے دورانِ پرواز ہنگامی سگنل بھیجا، جس کے بعد طیارے کو ہائی جیک کیے جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

 پرواز میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے، جسے بعد ازاں سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق طیارے نے پہلے عمومی ہنگامی صورتحال کا کوڈ 7700 اور اس کے بعد کوڈ 7500 منتقل کیا، جو طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرتا ہے۔ تاہم کوڈ 7500 کا فعال ہونا بذاتِ خود ہائی جیکنگ کی تصدیق نہیں کرتا۔ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے احتیاطی طور پر جنگی طیارے روانہ کیے، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی۔ابتدائی اطلاعات میں طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے باعث خدشات میں اضافہ ہوا، تاہم اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر ہائی جیکنگ کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

بعد ازاں طیارہ بحفاظت سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اتر گیا اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔ اسرائیلی میڈیا اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہنگامی صورتحال کی مبینہ وجہ طیارے کے دونوں پائلٹس کے درمیان جھگڑا تھا، ہائی جیکنگ نہیں۔واقعے کے بعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ہنگامی کوڈ کے فعال ہونے اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑے جانے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔