ویب ڈیسک: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے طیارے کی ونڈ شیلڈ میں پرواز کے دوران دراڑ پڑنے کے باعث طیارے کو برطانیہ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
پینٹاگون کے مطابق، پیٹ ہیگستھ برسلز میں نیٹو وزرائے دفاع کی کانفرنس میں شرکت کے بعد امریکا واپس جا رہے تھے، جب ان کے طیارے کی ونڈ شیلڈ میں اچانک شگاف پیدا ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ طیارے کو حفاظتی اقدامات کے تحت آر اے ایف ملڈن ہال (RAF Mildenhall) ایئر بیس پر اتارا گیا، اور طیارے میں سوار تمام افراد بشمول وزیر دفاع محفوظ ہیں۔لینڈنگ کے بعد پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پیغام میں کہا:"سب ٹھیک ہے۔ خدا کا شکر ہے۔ مشن جاری رہے گا!"اس سے قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی ایک طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔
تیز ہواؤں کے باعث طیارہ رن وے پر مستحکم انداز میں اتر نہ سکا، جس کے نتیجے میں اس کی ٹیل رن وے سے ٹکرا گئی اور وہ دوبارہ فضا میں بلند ہو گیا۔ بعد ازاں ایئر ٹریفک کنٹرول کی کلیئرنس کے بعد طیارے نے چند منٹ تک فضا میں چکر لگانے کے بعد محفوظ لینڈنگ کی۔واضح رہے کہ اس سے قبل فروری 2025 میں بھی امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کے طیارے کی پرواز کوک پٹ کی کھڑکی میں دراڑ پڑنے کے باعث منسوخ کرنی پڑی تھی۔