ٹریفک حادثات،خاتون سمیت4 ہلاک

 ٹرک کی کاراوررکشہ کی موٹرسائیکل کوٹکر،مصباح اورحمزہ چل بسے،15 سالہ علی نعمان، 35 سالہ نامعلوم مارے گئے 
شیخوپورہ،چونیاں، اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)ٹریفک حادثات،خاتون سمیت4 ہلاک،11زخمی ہوگئے،تھانہ صدر کے علاقہ سرگودھاروڈ جھامکے پل سیم کے پاس مزداٹرک نے آگے جانیوالی کلٹس کار کو ٹکر ماردی ،جس کے نتیجہ میں خاتون جاں بحق، 4بچوں سمیت 6افراد شدید زخمی ہوگئے، بتایا گیا ہے کہ مصباح بی بی ، سبحان علی ،تنزیلہ غفوراور 4بچوں سمیت شیخوپورہ سے فاروق آباد جارہے تھے کہ جھامکے سیم پل کے قریب مزد ٹرک نے کار کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجہ میں مصباح بی بی موقع پرچل بسی، جبکہ سبحان علی ،تنزیلہ غفور سمیت 4 بچے شدید زخمی ہوگئے۔علاو ہ ازیں چھانگا مانگا روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ میں حادثہ جس میں موٹر سائیکل سوار موقع پر دم توڑ گیا، ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ متوفی کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی جو ہنجروال کا رہائشی ہے،رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، اطلاع ملنے پر تھانہ چھانگا مانگا پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور رکشہ تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بنگلہ گوگیرہ کے نواحی علاقے پٹواریاں والا کھوہ فیصل آباد روڈ پر دو لوڈر رکشوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ حادثہ میں ایک 15 سالہ نوجوان علی نعمان چک نمبر 15 ون آیل جاں بحق ہو گیا، جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔دوسرا حادثہ قومی شاہراہ پر اڈا کسان کے قریب پیش آیا. جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے پیدل سڑک کراس کرنے والے 35 سالہ نوجوان کو کچل ڈالا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی تاحال شناخت نہ ہو سکی ہے. حادثات کی اطلاعات ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثات پر پہنچ گئیں. پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی جب کہ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیاں کرتے ہوے ڈیڈباڈیز اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا