ملزم پارک میں خواتین کی آڑ میں آئس اور شراب کا استعمال کر رہے تھے
گرفتار ملزموں کی شناخت عدنان، نعمان، روبینہ اور نسرین کے ناموں سے ہوئی
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر فیملی پارکس میں خواتین اور بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈولفن فورس نے کارروائیاں تیز کر دیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے تفریحی مقامات پر منشیات کے استعمال میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ ملزمان کو پارک میں پٹرولنگ کے دوران حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد فیملی پارک میں خواتین کی موجودگی کی آڑ میں آئس اور شراب کا استعمال کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے شراب اور آئس بھی برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزموں کی شناخت عدنان، نعمان، روبینہ اور نسرین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بعد ازاں انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ریس کورس کے حوالے کر دیا گیاایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور پارکوں میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں اور نشہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مقامات، فیملی پارکس اور تفریح گاہوں میں منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔