مریم نواز شریف کی ہدایت پر مخیر حضرات کے تعاون سے نگہبان دسترخوان قائم

مریم نواز شریف کی ہدایت پر مخیر حضرات کے تعاون سے نگہبان دسترخوان قائم

مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں مخیر حضرات کے اشتراک سے “رمضان نگہبان دسترخوان” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد ماہِ رمضان المبارک کے دوران مستحق اور روزہ دار افراد کو معیاری اور باعزت ماحول میں مفت افطار اور کھانا فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس فلاحی اقدام پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے مخیر حضرات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کا حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرنا ایک قابلِ قدر روایت ہے، جو سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان نگہبان دسترخوان پر آنے والے ہر روزہ دار کا بھرپور خیرمقدم کیا جا رہا ہے اور انہیں عزت و احترام کے ساتھ معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ دسترخوانوں پر قورمہ، بریانی، پکوڑے، سموسے اور دیگر لوازمات سے تواضع کی جا رہی ہے تاکہ روزہ داروں کو بہترین سہولت میسر آ سکے۔

لاکھوں افراد کی آمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک دراصل احساس، ہمدردی اور ایثار کا مہینہ ہے، اور ہر ضرورت مند فرد کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور مخیر حضرات کے باہمی تعاون سے مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مزید بہتری کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف غربت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں مساوات اور باہمی تعاون کے جذبے کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔