ہائیکورٹ نے پنجاب کے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب کرلیں

 ماضی میں خسرے، ڈینگی سے سینکڑوں اموات ہوئیں‘تحقیقات کاحکم دیا جائے:درخواست گزار
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائی کورٹ نے خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے وینٹیلیٹر کی تفصیلات طلب کرلیں۔جسٹس اویس خالد نے سماعت کی، جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیئے، ڈی جی موذی امراض پنجاب نے ابتدائی رپورٹ عدالت پیش کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا  ماضی میں خسرے، ڈینگی سے سینکڑوں اموات ہوئیں، ہسپتالوں میں وینٹیلیٹر موجود نہ ہونے سے بے تحاشا اموات ہوئیں، اگر بنیادی سہولیات موجود ہوتیں تو اموات سے بچا جا سکتا تھا، عدالت خسرے سے ہونے والی اموات کی تحقیقات کا حکم دے۔عدالت نے وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔