حجاج اللہ کے مہمان‘تمام سہولتیں دی جائیں(شہبازشریف)
حج کی تیاریوں پر جامع بریفنگ چند روز میںدی جائے،پا کستان میں بین الاقوامی کانفرنسوں کا آغاز سفارتی محاذ پر کامیابی کی سند ہے، مسلسل محنت سے دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا:اجلاسوں میں گفتگو
گوادر ائیر پورٹ سے پروازوں کے آغاز پر چینی صدر کے مشکور ہیں،گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا :وزیراعظم کابیان
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حجاج کرام اللہ تعالی کے مہمان ہیں، ان کی معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس ممیں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، چودھری سالک حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے شرکا کو حج فنڈ پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پر کام حتمی مراحل میں ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائے گی اور حجاج کی معاونت کیلئے حج موبائل ایپلی کیشن بھی فعال ہے۔وزیرِ اعظم نے حج 2025 میں معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ان کی ذمہ داریاں اور دیگر انتظامات پر تفصیلات طلب کرلیں اور حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں، حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے، حج کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے‘دریں اثناء زیر اعظم شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کیا اور کہا اللہ کے فضل و کرم سے گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا،گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے‘علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت سی ڈی اے کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم نے اسلام آباد میں حالیہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کے کامیاب انعقاد پر سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہااورکہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنسوں کا آغاز ہماری سفارتی محاذ پر کامیابی کی سند ہے، مسلسل محنت سے دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا،پاکستان میں بین الاقوامی سطح کی کانفرنسوں اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے ہوٹلوں، ہسپتالوں اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔