ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی لمز یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی سیکیورٹی امور اور دیگر موضوعات پر مفصل گفتگو کی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی لمز آمد پر یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک خصوصی سیشن میں شرکت کی، جہاں طلبہ کے سوالات، خدشات اور تحفظات کے تفصیلی جوابات دیے۔طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے پاکستان کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال، قومی استحکام، میڈیا میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور دیگر امور پر گفتگو کی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ کے تمام سوالات کے مدلل جوابات دیے اور قومی بیانیے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
سیشن کے اختتام پر طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ غلط معلومات اور شکوک و شبہات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔لمز کے اساتذہ اور طلبہ نے اس خصوصی نشست کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اسے طلبہ اور پاک فوج کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔