صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار ضیاء قمر اور ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل شجاع راٹھور نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، ریاستی امور اور حکومت کی کارکردگی سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ رہنماؤں نے ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، نوجوانوں کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی، اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے آئی ٹی کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء قمر نے صدر کو اپنے محکمہ کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور نے بھی مختلف ریاستی امور اور عوامی مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔