عامر لیاقت قتل کیس: دانیہ شاہ کی درخواست مسترد

عامر لیاقت قتل کیس: دانیہ شاہ کی درخواست مسترد

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت حسین کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے کیس میں دانیہ شاہ کی درخواست مسترد کر دی۔

ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران دانیہ شاہ اپنے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئیں، جبکہ ایس ایچ او بریگیڈ، ایڈیشنل ایس ایچ او اور نامزد ملزمان جاوید اور ثاقب بھی عدالت میں موجود تھے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد دانیہ شاہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ دانیہ شاہ نے دوسری شادی کر لی ہے اور عامر لیاقت کے ورثاء نے بھی قبر کشائی نہیں چاہی تھی۔دانیہ شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی عامر لیاقت سے شادی 5 فروری 2022 کو ہوئی تھی اور وہ 24 اپریل 2022 کو اپنے والدین سے ملنے لودھراں چلی گئی تھیں۔

بعد ازاں، 9 جون 2022 کو عامر لیاقت کی موت کی اطلاع ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ عامر لیاقت کے ملازمین، بشمول ممتاز، علی جاوید اور ثاقب، ان کی شادی سے خوش نہیں تھے، اسی لیے وہ ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروانا چاہتی ہیں۔واضح رہے کہ ماتحت عدالت نے پہلے ہی دانیہ شاہ کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔