کراچی: مرحوم ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے ملزمہ دانیہ بی بی کے حاملہ ہونے سے متعلق میڈیکل رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری واپس لے لیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران ملزمہ دانیہ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ ملزمہ کے وکلا نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دانیہ بی بی حاملہ ہیں، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔ملزمہ کے وکلا کی جانب سے رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد عدالت نے ان کی گرفتاری کا حکم واپس لے لیا۔دوسری جانب مقدمے کی مدعیہ بشریٰ اقبال کے وکیل نے ملزمہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرائی جائے۔
بشریٰ اقبال ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا رہی ہیں اور معمول کے مطابق گھوم پھر رہی ہیں، لیکن عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں۔ ان کے مطابق مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔مدعیہ کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ کی تصدیق اور ملزمہ کی عدالت میں حاضری سے متعلق معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا۔بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔