مریم نواز کیخلاف جعلی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی کیخلاف مقدمہ درج

مریم نواز کیخلاف جعلی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی کیخلاف مقدمہ درج

لاہور: پولیس نے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف جعلی ویڈیوز اور منفی پروپیگنڈہ پھیلانے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، جس کے تحت انگلینڈ میں مقیم ایک شخص کے خلاف پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کی تفصیلات
تھانہ فیکٹری ایریا میں درج مقدمے کے مطابق ملزم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور مخصوص سیاسی جماعت کے کہنے پر قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے حکومتی عہدے کی توہین کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

قانونی کارروائی اور گرفتاریوں کی تفصیلات
پولیس کے سائبر کرائم سیل نے مجموعی طور پر چار مقدمات درج کیے، جن میں سے تین مقدمات میں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق درج کیے گئے مقدمات میں پیکا ایکٹ اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، اور حکام بیرون ملک مقیم افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں۔

حکام کا ردعمل
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور اس طرح کی مہمات چلانے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔