جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل مریم نواز کے جلسے میں اجاگر کیے گئے:ملک یونس

جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل مریم نواز کے جلسے میں اجاگر کیے گئے:ملک یونس

مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا ہے کہ انہوں نے حالیہ جلسے کے دوران اپنے خطاب میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور اپنا قومی و کمیونٹی فریضہ ادا کیا۔

 ملک یونس نے بتایا کہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کو طویل عرصے سے مختلف مشکلات کا سامنا ہے، جن میں سب سے نمایاں پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو مریم نواز کے سامنے پیش کیا تاکہ قومی ایئرلائن کی بحالی کے لیے مؤثر اور مستقل حل تلاش کیا جا سکے، کیونکہ پروازوں کی بندش کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی اپنے وطن آنے جانے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ملک یونس نے مزید کہا کہ پنجاب کے ڈرائیونگ لائسنسوں سے متعلقہ مسائل بھی کمیونٹی کے لیے طویل عرصے سے دردِسر بنے ہوئے ہیں، جنہیں انہوں نے جلسے میں نمایاں انداز میں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں مریم نواز جیسی عوام دوست اور مدبر قیادت ملی، جنہوں نے نہ صرف کمیونٹی کے مسائل توجہ سے سنے بلکہ ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ملک یونس کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل کو اہمیت دیتی رہی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔