ریاست مخالف ٹوئٹ، صوبائی وزیر کی نامناسب تصویر اپلوڈ کا کیس: فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

ریاست مخالف ٹوئٹ، صوبائی وزیر کی نامناسب تصویر اپلوڈ کا کیس: فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

ضلع کچہری لاہور میں ریاست مخالف ٹویٹ اور صوبائی وزیر کی نامناسب تصویر اپلوڈ کرنے کے مقدمے کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کر دی گئی۔

 فلک جاوید کو پہلے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے فلک جاوید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم، ملزمہ کے وکیل رانا عبدالمعروف نے استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر جھوٹ پر مبنی ہے اور یہ مقدمہ محض سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ فلک جاوید کو اس کی بہن صنم جاوید کی وجہ سے گرفتار کیا گیا اور این سی سی آئی اے نے ابھی تک موبائل ریکور کرنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔

رانا عبدالمعروف نے عدالت کو بتایا کہ 9 دن کا ریمانڈ گزر چکا ہے لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اس لیے ملزمہ کا مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جانا چاہیے اور عدالت اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی اور فیصلہ محفوظ کر لیا۔