پاکستان اور افغانستان کا اتفاق، دہشت گردی کے فوری خاتمے پر زور: خواجہ آصف

پاکستان اور افغانستان کا اتفاق، دہشت گردی کے فوری خاتمے پر زور: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی کا فوری خاتمہ ضروری ہے، اور دونوں ممالک اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں گے، ورنہ خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

قطری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے مسئلے کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی برسوں سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے اور گزشتہ ہفتے یہ مسئلہ براہِ راست جھڑپ تک بھی پہنچ گیا تھا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اور اجلاس آئندہ ہفتے استنبول میں ہوگا۔ یہ معاہدہ بنیادی طور پر قطر اور ترکی کی ثالثی میں طے پایا ہے۔خواجہ آصف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، ترک صدر طیب ایردوان اور ترک وفد کے سربراہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔واضح رہے کہ ہفتے کی شب دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے مذاکرات کے بعد فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا، جس سے سرحدی علاقوں میں کشیدگی کم کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔