جنگ مسلط کی گئی تو گزشتہ سال کی طرح بھرپور جواب دیں گے: خواجہ آصف

جنگ مسلط کی گئی تو گزشتہ سال کی طرح بھرپور جواب دیں گے: خواجہ آصف

نیویارک میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو گزشتہ سال کی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کے بعد پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان اور عالمی سطح پر درپیش اہم مسائل کو جامع انداز میں اجاگر کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے افغان پالیسی اپنائی تھی، جس سے موجودہ حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق اس پالیسی کے باعث کئی مشکلات پیدا ہوئیں جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جارہے ہیں اور موجودہ حکومت ان مسائل کو خود حل کر رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے خطے میں امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی تنازع کو ہوا دینے کے بجائے امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔