کرم میں ادویات اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی‘وفاقی اور صوبائی حکومت کا مشترکہ اقدامات اور مل کر کام کرنے پر اتفاق ‘ عمائدین جرگہ کے ذریعے فریقین سے بات چیت کی جائے گی
آمدورفت کے لئے راستے کھولے جائیں گے‘ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے جائیں گے:اجلاس میں فیصلے‘ایپکس کمیٹی کا اجلاس علی امین گنڈا پور کی صدارت میں ہوا‘محسن نقوی اور سول و عسکری حکام کی شرکت
پشاور( آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخواہ کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں قیام امن کیلئے تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ہ اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ہ کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ضلع کرم میں جاری صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کرم میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔کرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔ایپکس کمیٹی اجلاس کے مطابق بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ اکٹھا کرنے تک مشکلات رہیں گی تاہم صورت حال بہتر ہو جائے گی۔وفاقی اور صوبائی حکومت نے مشترکہ اقدامات اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ عمائدین جرگہ کے ذریعے دونوں فریقوں سے بات چیت کی جائے گی۔اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کو قیام امن کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں سپورٹ کریں گے۔ ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ علاقے میں لوگوں سے اسلحہ واپس لینے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حالات بہتر ہوتے ہی سڑکیں اور راستے کھل جائیں گے جبکہ کرم کو ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی جاری رہے گی۔مرکز اور صوبہ مشترکہ طور پر فیصلے کرتے ہوئے حالات بہتر کریں گے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میںضلع کرم میں جاری صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں علاقے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے کئی تجاویز دی گئیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں ضلع خیبر اور جانی خیل میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا