پشاور(آئی این پی )کرم میں امن ومان کے قیام کے لیے بنکرز گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب اپرکرم میں بھی بنکرز کی گرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ جرگے کے فیصلے کے مطابق ضلع کرم میں بنکرز گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور لوئر کرم کے بعد اب اپر کرم میں بھی بنکرز گرانے جا رہے ہیں۔ضلع انتظامیہ کے مطابق اپر کرم میں پیوڑ اورگیدو میں 2 بنکر گرا دیے گئے ہیں جبکہ لوئر کرم میں اب تک 28 بنکرز گرائے جا چکے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کرم میں بنکرز کی تعداد 250سے زیادہ ہے جہاں اب تک 30بنکرز گرائے جاچکے ہیں۔ دوسری جانب ضلع کرم میں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کرا دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلحہ حوالگی میں معاونت کریں گے، فریقین حکومت کے پاس جمع کرایا گیا اسلحہ اپنی مرضی سے کسی بھی وقت دیکھ سکیں گے، فریقین کو قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے حکومت لائسنس جاری کرے گی۔