امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کے گانے کسی بھی سیاسی یا عوامی پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہ کریں۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ کی آفیشل ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں آریانا گرانڈے کا مقبول گانا ’وی کانٹ بی فرینڈز‘ استعمال کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو ایک وائرل ٹرینڈ کے انداز میں تیار کیا گیا تھا، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ریلی کے دوران اسٹیج کی جانب جاتے دکھایا گیا، اور اس میں ٹرانس جینڈر افراد اور خواتین کے کھیلوں سے متعلق ایک سیاسی پیغام بھی شامل تھا۔آریانا گرانڈے نے براہ راست اپنے کمنٹس میں لکھا کہ ’’میری موسیقی دوبارہ کبھی استعمال نہ کریں، اور آپ جسے سچ کہہ رہے ہیں وہ غلط ہے۔‘‘ تاہم بعد میں ان کا یہ کمنٹ ویڈیو سے غائب ہو گیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ آریانا گرانڈے نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل جون میں، وائٹ ہاؤس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو میں ان کا گانا ’’بائے‘‘ استعمال کیا تھا، جس پر گلوکارہ نے سخت اعتراض کرتے ہوئے اپنی موسیقی کو سیاست سے منسلک نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں، اس ویڈیو میں گانے کی آواز میوٹ کر دی گئی تھی۔