لاس اینجلس: عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ اور اداکارہ آریانا گرانڈے نے شوبز انڈسٹری سے مستقل علیحدگی اختیار کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ریٹائر نہیں ہو رہیں، بلکہ مصروف شیڈول مکمل کرنے کے بعد کچھ عرصے کے لیے عوامی سرگرمیوں اور میڈیا سے وقفہ لیں گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریانا گرانڈے کے نمائندے نے بتایا کہ گلوکارہ اپنے "Eternal Sunshine Tour" کو مکمل کرنے کے بعد ریڈ کارپٹ تقریبات، میڈیا انٹرویوز، تشہیری مہمات اور دیگر عوامی سرگرمیوں میں اپنی شرکت محدود کر دیں گی۔نمائندے کے مطابق آریانا گرانڈے اس ٹور کو خوشگوار اور مثبت انداز میں مکمل کرنے کی خواہش مند ہیں، تاہم اس کے بعد وہ مسلسل عوامی توجہ، سوشل میڈیا پر تنقید اور ذاتی زندگی پر ہونے والی غیر معمولی جانچ پڑتال سے دور رہنے کے لیے ایک ضروری وقفہ لینا چاہتی ہیں۔بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اس فیصلے کے پیچھے کوئی ذاتی، طبی یا پیشہ ورانہ وجہ موجود ہے، البتہ اس امر کا ضرور ذکر کیا گیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے گلوکارہ کو مسلسل عوامی تنقید اور غیر ضروری میڈیا توجہ کا سامنا رہا، جس کے باعث انہوں نے کچھ وقت کے لیے خود کو عوامی منظرنامے سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نمائندے نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا کہ آریانا گرانڈے شوبز سے ریٹائرمنٹ لے رہی ہیں۔ ان کے مطابق گلوکارہ نہ تو موسیقی کو خیرباد کہہ رہی ہیں اور نہ ہی اداکاری سے کنارہ کش ہو رہی ہیں، بلکہ یہ صرف ایک عارضی وقفہ ہے تاکہ وہ ذہنی سکون حاصل کر سکیں اور مستقبل کے تخلیقی منصوبوں پر توجہ دے سکیں۔رپورٹس کے مطابق آریانا گرانڈے آئندہ بھی موسیقی اور فلمی منصوبوں کا حصہ رہیں گی، تاہم کچھ عرصے تک عوامی تقریبات اور میڈیا میں ان کی موجودگی محدود رہے گی۔یاد رہے کہ آریانا گرانڈے دنیا کی مقبول ترین پاپ گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ان کے متعدد گانے عالمی میوزک چارٹس میں سرفہرست رہ چکے ہیں، جبکہ اداکاری کے میدان میں بھی وہ نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں۔