سنگاپور کی عدالت نے ’’وِکڈ: فار گُڈ‘‘ فلم کی پریمیئر کے دوران امریکی پاپ اسٹار آریانا گرانڈے سے بدسلوکی کرنے والے شخص کو 9 دن قید کی سزا سنادی۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچا دی تھی۔ حملہ آور شخص نے عدالت میں اعتراف جرم بھی کرلیا تھا۔مقامی اخبار اسٹریٹس ٹائمز کے مطابق 26 سالہ جانسن وین کو عوامی خلل اور سیکیورٹی توڑ کر اسٹیج میں گھسنے کے جرم میں سزا دی گئی ہے۔ وین خود کو ’اسٹیج انویڈر‘‘ یعنی مشہور شخصیات کے قریب جانے کے لیے اسٹیج توڑنے والا فرد کہتے ہیں۔وہ اس سے پہلے بھی کئی بڑے ایونٹس کی سیکیورٹی توڑ چکا ہے، جن میں کیٹی پیری، دی ویکینڈ کے کنسرٹس اور ویمنز ورلڈ کپ 2023 کا فائنل شامل ہے۔جج کرسٹوفر گوہ نے کہا کہ وین ماضی میں بھی ایسے واقعات میں ملوث رہا ہے، مگر قانون نے اسے سزا نہیں دی۔ انہوں نے وین سے مخاطب ہو کر کہا، ’’شاید تم نے سمجھا کہ یہاں بھی کچھ نہیں ہوگا، لیکن مسٹر وین… آپ غلط ہیں۔ ہر عمل کی ایک قیمت ہوتی ہے۔‘‘جج نے یہ بھی کہا کہ وین کا یہ اقدام پہلے سے منصوبہ بند لگتا ہے اور اس کا مقصد صرف توجہ حاصل کرنا ہے، دوسروں کی حفاظت کا کوئی خیال نہیں۔یاد رہے کہ 13 نومبر کو سنگاپور میں فلم کی ریڈ کارپٹ تقریب جاری تھی جب وین نے سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی۔
وین تیزی سے آگے بڑھ کر آریانا کو زور سے پکڑ لیا، جس پر ساتھی اداکارہ سنیتھیا ایریوو نے فوری کارروائی کی۔سیکیورٹی نے وین کو فوراً باہر نکالا، لیکن وہ کچھ دیر بعد دوبارہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کی کوشش میں پکڑا گیا۔14 نومبر کو اسے گرفتار کیا گیا اور وہ حراست میں ہے۔ پراسیکیوٹرز نے اسے ’’سیریل انٹروڈَر‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک ہفتے کی قید کی درخواست کی۔جب جج نے وین سے پوچھا کہ وہ کچھ کہنا چاہتا ہے یا نہیں، تو اس نے جواب دیا، ’’میں دوبارہ ایسا نہیں کروں گا، یور آنر۔‘‘ جج نے سوال کیا کہ کیا یہ صرف رسمی بات ہے، جس پر وین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ واقعی رک جائے گا۔