وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سب سے اہم ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور کرم میں امن و امان کا قیام ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا کے مطابق، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت نے کرم کے علاقے میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کی ہے۔ یہ سروس کرم کے زمینی راستہ کے کھلنے تک جاری رہے گی۔جمعرات کے روز ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے کرم کے لیے چھ پروازیں کیں، جس کے دوران مجموعی طور پر 613 افراد کو ایئر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ ان افراد میں جرگہ کے ممبران کے علاوہ عام شہری بھی شامل تھے، جن میں بچے، خواتین، طلبہ اور مریض شامل ہیں۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس رکھتی ہے اور ان مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرم کے مسئلے کا جلد اور پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں کی صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ امن و امان کی بحالی اور کرم کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے تمام فریقوں اور علاقے کے عمائدین سے اپیل کی کہ وہ صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ کرم کے علاقے میں امن قائم کیا جا سکے۔