پشاور:خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے تباہی جاری ہے، مختلف حادثات کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 393 اور زخمیوں کی تعداد 190 تک پہنچ گئی۔
محکمۂ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 300 مرد، 53 خواتین اور 40 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں نے صوبے میں مجموعی طور پر 1618 گھروں کو نقصان پہنچایا ہے، جن میں سے 1185 مکانات جزوی طور پر متاثر اور 433 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع
بونیر: سب سے زیادہ تباہ کن صورتحال رہی، جہاں اب تک 234 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
صوابی: 42 افراد جاں بحق ہوئے۔
دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر اور بٹگرام شامل ہیں۔
امدادی سرگرمیاں
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کریں۔ادارے کے ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی صورتحال سے آگاہی یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔