خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ کی تباہ کاریاں، 7 افراد جاں بحق، 19 زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ کی تباہ کاریاں، 7 افراد جاں بحق، 19 زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارشوں، تیز آندھی اور فلش فلڈ نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔

شدید بارشوں سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔ بیشتر حادثات مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے، سیلابی ریلوں اور دیگر بارش سے متعلق واقعات کے باعث پیش آئے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 36 مکانات جزوی جبکہ 2 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ادارے کے مطابق خیبر، دیر زیریں، دیر بالائی، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال زیریں سمیت متعدد اضلاع بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثر ہوئے، جہاں ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرین تک خوراک، خیمے اور دیگر ضروری سامان کی فوری فراہمی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 3 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں مزید تیز بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، خیبر، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، دریا، ندی نالوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، موسمی الرٹس پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔