خیبرپختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 365 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

خیبرپختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 365 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مختلف حادثات میں اب تک 365 افراد جاں بحق اور 181 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 294 مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 782 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 433 گھروں کو جزوی نقصان اور 349 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں اب تک مجموعی طور پر 225 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور متاثرین کو ہر ممکن فوری مدد فراہم کریں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق اتھارٹی کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع دینے یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔