دہلی میں خاندانی سانحہ: والدین اور بڑا بیٹا قتل، چھوٹا بیٹا لاپتہ

دہلی میں خاندانی سانحہ: والدین اور بڑا بیٹا قتل، چھوٹا بیٹا لاپتہ

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں خوفناک تہرے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔

 ایک ہی خاندان کے تین افراد — میاں، بیوی اور بیٹا — اپنے ہی گھر سے مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ایک اور بیٹا پراسرار طور پر لاپتہ ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ واقعے میں ملوث ہو سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب اہلِ محلہ نے گھر سے اُٹھنے والی شدید بدبو پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو 50 سالہ پریم سنگھ اور ان کا 24 سالہ بیٹا ہرتیک نچلی منزل میں بنے تالاب میں مردہ پائے گئے، جبکہ گھر کی پہلی منزل سے 45 سالہ راجنی (پریم سنگھ کی اہلیہ) کی لاش ملی۔ خاتون کے منہ پر کپڑا بندھا ہوا تھا، جس سے شبہ ہے کہ انہیں گھٹنے سے قتل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ کئی دن پرانا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق گھر کے ایک اور فرد، 23 سالہ سدھارتھ، واردات کے بعد سے لاپتہ ہے۔

 اہلِ محلہ اور اہلِ خانہ سے موصول معلومات کے مطابق سدھارتھ کئی برسوں سے شدید ذہنی بیماریوں میں مبتلا تھا اور مختلف اسپتالوں سے اس کا علاج جاری تھا۔گھر سے ملنے والی ادویات اور دستاویزات سے انکشاف ہوا کہ سدھارتھ گزشتہ 12 برسوں سے علاج کروا رہا تھا۔ وہ جارحانہ رویے اور او سی ڈی (Obsessive Compulsive Disorder) کا شکار تھا، جس کے باعث اکثر غیر معمولی حرکات کرتا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر یہی بیماری اس سانحے کی وجہ بنی ہو، تاہم اس پہلو پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ بیٹے کی تلاش کے لیے پولیس کی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ ابتدائی طور پر کیس کو قتل اور گمشدگی دونوں پہلوؤں سے دیکھا جا رہا ہے۔