بھارتی دارالحکومت دہلی میں لاپتہ افراد کے بڑھتے واقعات نے شہری سلامتی اور ریاستی نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جنوری 2026 کے پہلے پندرہ دنوں میں دہلی سے 807 افراد لاپتہ ہوئے، جن میں 509 خواتین شامل ہیں۔ ان لاپتہ ہونے والوں میں 191 کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جس کے باعث دہلی خواتین اور بچوں کے لیے غیر محفوظ شہر قرار دیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال دہلی سے 24 ہزار 500 سے زائد افراد لاپتہ ہوئے تھے، جن میں 60 فیصد سے زیادہ خواتین شامل تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال شہری سلامتی کے نظام میں مسلسل کمزوری کی عکاسی کرتی ہے۔
بین الاقوامی رپورٹس اور تجزیوں کے مطابق بھارت کو گزشتہ برسوں میں خواتین کے خلاف جرائم اور جنسی تشدد کے بڑھتے واقعات کے باعث شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ دہلی کو بارہا ایسے جرائم کے حوالے سے نمایاں کیا جاتا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، لاپتہ افراد کے بڑھتے واقعات ریاستی نگرانی کی کمی اور ادارہ جاتی ناکامی کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کا براہِ راست اثر خواتین اور کمزور طبقات کی سلامتی پر پڑ رہا ہے۔