بھارتی ریاست کرناٹک میں پرپوزل ٹھکرانے پر شادی شدہ شخص نے خاتون کو کار سمیت جھیل میں دھکیل دیا، خاتون ہلاک

بھارتی ریاست کرناٹک میں پرپوزل ٹھکرانے پر شادی شدہ شخص نے خاتون کو کار سمیت جھیل میں دھکیل دیا، خاتون ہلاک

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شادی شدہ شخص نے رشتہ ازدواجی پیشکش مسترد کیے جانے پر خاتون کو کار سمیت جھیل میں دھکیل دیا، جس کے نتیجے میں 32 سالہ شویتا ہلاک ہو گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ شویتا نے کچھ عرصہ قبل اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی اور والدین کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔ وہ ملزم روی کے ساتھ کئی سال قبل ایک ہی دفتر میں ملازمت کے دوران ملی تھی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ شادی شدہ روی گزشتہ چند ماہ سے شویتا پر شادی کی پیشکش قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ اس نے یہ یقین دہانی بھی کروائی تھی کہ اگر شویتا راضی ہو جائے تو وہ اپنی بیوی کو چھوڑ دے گا، تاہم شویتا نے اس کی پیشکش کو سختی سے مسترد کر دیا۔

پولیس کے مطابق انکار پر مشتعل روی نے شویتا کو کار میں بٹھایا اور گاڑی کو سیدھا چندانہلی جھیل میں لے جا کر ڈبو دیا۔ واقعے کے بعد روی تیر کر باہر نکل آیا، جبکہ گاڑی پانی میں ڈوب گئی اور شویتا اندر ہی پھنس کر دم توڑ گئی۔ابتدائی طور پر روی نے پولیس کو بیان دیا کہ کار حادثاتی طور پر جھیل میں جا گری اور وہ بمشکل اپنی جان بچا سکا، تاہم پولیس نے مقتولہ کے اہل خانہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔