وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے تناظر میں مختلف سیاسی قائدین سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں جنوبی سندھ، بالخصوص کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے پیدا ہونے والے شہری سیلاب اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں اور عوام کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کریں۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے گفتگو میں خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی نقصان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشیں متاثرہ عوام کے لیے باعثِ حوصلہ ہیں۔
اسی طرح وزیراعظم نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں سندھ میں حالیہ اور متوقع بارشوں کے خدشات پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر واضح کیا کہ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے ذریعے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔