وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ایک ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں شہباز شریف نے ترکیہ میں ہوٹل میں آگ لگنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترکیہ کے اداروں کی مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہے، اور پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔اس ٹیلیفونک رابطے سے قبل، پاکستان کے ترکیہ میں تعینات سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے ترکیہ کے سیاحتی مقام بولو کا دورہ کیا، جہاں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ڈاکٹر یوسف جنید نے اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کی جانب سے ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ترکیہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے میں 78 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اور اس حادثے کے بعد پاکستان نے ترکیہ کو اپنی حمایت کی پیشکش کی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس واقعے میں جانی نقصان پر ترکیہ کے حکام اور عوام سے اظہارِ افسوس کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔