کراچی میں دوبارہ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، شہری سیلاب کا خطرہ برقرار

کراچی میں دوبارہ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، شہری سیلاب کا خطرہ برقرار

شہر قائد کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی دوبارہ بج گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز بارش، گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔

 ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہری سیلاب (Urban Flooding) کا سنجیدہ خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ آج بھی شدت کے ساتھ فعال ہے اور سندھ بھر خصوصاً کراچی میں دوپہر سے شام اور رات کے دوران گرج چمک، آندھی اور شدید بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں بارش نے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا اور آج بھی حالات مختلف نہیں لگتے۔

درجہ حرارت:

کم از کم: 28 ڈگری سینٹی گریڈ
زیادہ سے زیادہ: 31 ڈگری سینٹی گریڈ
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رات گئے سے بارش کی شدت میں جزوی کمی کا امکان ہے، تاہم یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے مزید بارشوں کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آج بارش کا امکان ہے:

اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش
راولپنڈی، مری، لاہور، وزیرآباد، سرگودھا، گوجرانوالہ میں بارش متوقع
دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، لکی مروت اور دیگر شہروں میں بادل برسیں گے
جنوبی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے
شہریوں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سیلاب یا طوفانی ہواؤں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔