ملک بھر میں 3 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

ملک بھر میں 3 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 3 اگست تک ملک بھر میں موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات پر الرٹ جاری کردیا ہے۔

 شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب اور نارووال میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔نالہ بین، بسنتَر اور ڈِیگ نالوں میں بہاؤ میں اضافے سے شمال مشرقی پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
 خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے وارننگ
اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے۔گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے ممکنہ سیلابی خطرات لاحق ہیں۔
 حساس علاقوں کی فہرست
بادسوات، ہنارچی، ترسات، ہندور، درکوٹ، اشکومن، ششپر، ریشون، بریپ، بونی، سردار گول اور ارکاری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز کا خطرہ موجود ہے۔
 این ڈی ایم اے کی ہدایات
تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔عوام کو موسمی صورتحال اور الرٹس سے باخبر رکھنے کے لیے مسلسل آگاہی مہم جاری ہے۔