انسداد دہشتگردی کے بعد دونوں ملکوں کو معیشت میں آگے بڑھایا جا رہا ہے:امریکی ناظم الامور
امریکی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے سے سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنایا جا ئیگا:علی پرویز ملک
کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں تیل و گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی ناظم الامور نے کہا صدر ٹرمپ کے ویژن کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان کے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کی سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والے پاک امریکا کانٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے بعد اب دونوں ملکوں کی شراکت داری کو معیشت کے میدان میں بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی سرمایہ کاروں کی توانائی کے شعبے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان آنشور اور آفشور تیل و گیس کے ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے بڈنگ رانڈ کا آغاز کر رہی ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ جاری ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنایا جا سکے۔