پاکستان اور روس کے درمیان توانائی و معدنی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ انٹرنیشنل گیس فورم میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے توانائی، گیس، اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان کی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی رہنماؤں کے سامنے اجاگر کیا۔وفاقی وزیر نے فورم کے اعلیٰ سطحی پینل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کا مقصد ملکی معیشت کو مستحکم کرنا، توانائی کی فراہمی کو پائیدار بنانا، اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔فورم کے موقع پر علی پرویز ملک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم" کے آئندہ ایڈیشن میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس شعبے میں شفاف اور پائیدار سرمایہ کاری کے لیے بھرپور مواقع موجود ہیں۔