امریکہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لئے قریبی تعاون کا خواہاں ہے: امریکی ناظم الامور
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)پاکستان اور امریکہ نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی ملاقات میںکیاگیا۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی توانائی سلامتی اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔امریکی ناظم الامورنیٹلی اے بیکر نے کہا امریکہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں ۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان اور امریکہ کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں، پاکستان کی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی اورکہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں