ٹی20 ورلڈ کپ فکسنگ اسکینڈل، کینیڈین کپتان اور بشنوئی گینگ سے تعلق کے سنگین الزامات سامنے

ٹی20 ورلڈ کپ فکسنگ اسکینڈل، کینیڈین کپتان اور بشنوئی گینگ سے تعلق کے سنگین الزامات سامنے

ٹی20 ورلڈ کپ میں مبینہ میچ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے نئے اور سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں کینیڈا کے کپتان دلپریت باجوا اور ایک مبینہ مجرمانہ نیٹ ورک کے درمیان تعلقات کے الزامات شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اینٹی کرپشن یونٹ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، جبکہ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے ایک میچ کے دوران غیر معمولی کارکردگی اور مہنگے اوورز کے باعث شک پیدا ہوا۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک مجرمانہ گروہ، جسے بھارت میں سرگرم بعض نیٹ ورکس سے جوڑا جاتا ہے، اس مبینہ اسکینڈل میں ملوث ہو سکتا ہے، اور اس کے ممکنہ روابط کینیڈین ٹیم کے بعض معاملات تک بھی بتائے جا رہے ہیں۔

کینیڈین نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں مختلف افراد اور انتظامی سطح پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم کرکٹ کینیڈا کے حکام نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ تمام الزامات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی قیادت اور سلیکشن کے فیصلوں پر بھی پہلے ہی بحث جاری تھی۔

تاحال آئی سی سی یا کسی بھی آزاد تحقیقاتی ادارے نے ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔