انڈین پریمیئر لیگ سے متعلق ایک بڑے تنازع میں مبینہ طور پر کرکٹرز کو بلیک میل کرنے اور معاہدوں کے بدلے کمیشن طلب کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک بورڈ عہدیدار کے سیکریٹری پر الزام ہے کہ اس نے ایک کھلاڑی سے معاہدہ دلوانے کے بدلے بڑی رقم بطور کمیشن طلب کی۔ انکار کرنے پر مبینہ طور پر متعلقہ کھلاڑی پر دباؤ بڑھایا گیا اور بلیک میلنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔مزید اطلاعات کے مطابق جب کھلاڑی نے دباؤ کے باوجود رقم دینے سے انکار کیا تو مبینہ طور پر ایک رپورٹر کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پر اس کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں آئی پی ایل کرکٹرز کے خلاف پھیلنے والے شور شرابے کو اسی مبینہ اسکینڈل سے جوڑا جا رہا ہے۔
ایک اور واقعے میں ایک آئی پی ایل کرکٹر کی قریبی ساتھی پر حساس معلومات لیک کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم بورڈ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ماہرین کے مطابق یہ الزامات اگر ثابت ہوتے ہیں تو یہ کرکٹ انتظامی نظام میں شفافیت اور گورننس کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا سکتے ہیں۔