آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادارے پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔
وارنر نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران آسٹریلوی فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور اسپنر نیتھن لائن کے انٹرویوز نہیں کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق اگر ان تینوں کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ نہیں کی گئی تو پھر یہ مؤقف کیسے اختیار کیا جا سکتا ہے کہ بولرز کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحقیقات کے آغاز ہی میں چند کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا اور اب بھی حقائق کے برعکس مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے وارنر کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو اس وقت اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ آٹھ برس کے دوران بھی کسی نئے شواہد کو سامنے لانے کی گنجائش موجود رہی ہے، تاہم انہوں نے تینوں بولرز کے انٹرویوز کیے جانے یا نہ کیے جانے کے حوالے سے براہ راست جواب نہیں دیا۔یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی۔ڈیوڈ وارنر نے پیٹ کمنز کے بیان پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور عثمان خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کتاب میں بیان کیے گئے حقائق کے ساتھ کھڑے ہیں۔