بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، اے بی ڈی ویلیئرز کا آسٹریلوی ٹیم پر سنگین الزام

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، اے بی ڈی ویلیئرز کا آسٹریلوی ٹیم پر سنگین الزام

جنوبی افریقا: سابق اسٹار بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نیا انکشاف کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے ہی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی تھی۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ 2018 میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران بال ٹیمپرنگ کا معاملہ صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کا آغاز ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ سے ہی ہو گیا تھا۔ان کے مطابق کیپ ٹاؤن میں سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ اس سے پہلے ڈربن کے کنگزمیڈ اسٹیڈیم میں بھی گیند کی حالت تبدیل کی جا رہی تھی۔ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں گیند کا غیر معمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونا شکوک پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی بولرز کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیند کی حالت میں تبدیلی سے متعلق انہیں ضرور کچھ نہ کچھ علم ہوگا۔سابق جنوبی افریقی بیٹر کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس معاملے میں ملوث کھلاڑی اپنی غلطی تسلیم کریں اور حقیقت سامنے لائیں۔

یہ تنازع ایک بار پھر اس وقت شدت اختیار کر گیا جب آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے پوری آسٹریلوی ٹیم واقف تھی۔ دوسری جانب کیمرون بینکرافٹ پہلے یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ سینڈ پیپر کا استعمال سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں شروع کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ اس واقعے نے عالمی کرکٹ میں شدید تنازع کو جنم دیا تھا۔