محمد عامر کا سلمان علی آغا کو ٹی20 کپتان بنانے پر عدم اطمینان، محمد حارث کو کپتان بنانے کا مشورہ
سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے سلمان علی آغا کو ٹی20 کپتان بنانے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محمد حارث کو کپتان بنانے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سلمان آغا کی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اہم شراکت ہے، تاہم ٹی20 کے لیے محمد حارث زیادہ مناسب اور بہتر انتخاب ہو سکتے تھے۔محمد عامر نے کہا کہ محمد حارث کو پہلے ہی پاکستان شاہینز اور چیمپئنز کپ میں کپتانی کے مواقع دیے گئے ہیں، جس سے انہیں ٹی20 فارمیٹ میں قیادت کے لیے تیار کیا گیا۔ عامر نے مزید کہا کہ محمد حارث سلمان آغا سے تقریباً آٹھ سال چھوٹے ہیں اور طویل مدت تک ٹی20 کپتان کا عہدہ سنبھالنے کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔محمد حارث کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اس سیریز کے لیے نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔