میرا ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں اور ان کی نئی فلم “سائیکو” عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران اداکارہ نے فلم کی تشہیر کے ساتھ ساتھ مختلف شوبز شخصیات پر بھی بات کی۔ اسی دوران ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کا “شاہ رخ خان” کون ہے، جس پر انہوں نے بغیر ہچکچاہٹ جواب دیتے ہوئے اداکار شان شاہد کو نہ صرف پاکستان کا بلکہ شاہ رخ خان سے بھی بڑا اداکار قرار دے دیا۔میرا کے مطابق شان شاہد ایک باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ہدایتکار اور لکھاری بھی ہیں، اور وہ نئے فنکاروں کی بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے ان کی پروفیشنل مہارت اور رہنمائی کے انداز کو بھی بے حد سراہا۔اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر انہیں شان شاہد اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ بلا جھجک شان شاہد کو ترجیح دیں گی۔میرا کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں مداح مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔