پاکستانی اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے پہلی مرتبہ اپنی ازدواجی زندگی اور طلاق کے تجربے پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنا اور بعد ازاں علیحدگی اختیار کرنا ان کا ذاتی فیصلہ تھا، اس لیے وہ اس کا ذمہ دار کسی دوسرے شخص کو نہیں سمجھتیں۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میرا سیٹھی نے کہا کہ طلاق کے بعد انہیں زندگی کے کئی اہم سبق سیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے مطابق سب سے اہم بات یہ سمجھ آئی کہ انسان کو ہر وقت صرف اپنی "گَٹ فیلنگ" پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، جبکہ کسی بھی رشتے کی خاطر اپنی اصل شخصیت کو تبدیل کرنا بھی درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے معاملہ شریکِ حیات کا ہو، دوست کا، باس کا یا کسی اور تعلق کا، خود کو دوسروں کی خواہش کے مطابق ڈھال لینا بالآخر نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول لوگ اکثر چاہتے ہیں کہ سامنے والا ان کی پسند کے مطابق خود کو بدل لے، لیکن اپنی شناخت برقرار رکھنا زیادہ ضروری ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی وہ دو بنیادی اسباق ہیں جو انہیں اپنی ازدواجی زندگی کے اختتام کے بعد حاصل ہوئے۔ ان کے مطابق اس مشکل مرحلے نے انہیں ذہنی طور پر زیادہ مضبوط اور بالغ بنایا، اور وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس تجربے سے آگے بڑھ چکی ہیں، اسی لیے اب اس موضوع پر کھل کر بات کرنے میں خود کو مطمئن محسوس کرتی ہیں۔میرا سیٹھی نے معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین سے متعلق رویوں پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اکثر خواتین کو علیحدگی کے بعد تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں یہ کہہ کر قصوروار ٹھہرایا جاتا ہے کہ وہ رشتہ نبھا نہیں سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی شادی کسی سماجی دباؤ یا مجبوری کا نتیجہ نہیں تھی، بلکہ انہوں نے نسبتاً زیادہ عمر میں اپنی مرضی، محبت اور آئیڈیلزم کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا تھا۔ اسی لیے وہ اپنی طلاق کے لیے نہ سابق شوہر کو موردِ الزام ٹھہراتی ہیں اور نہ ہی کسی اور کو، کیونکہ یہ ان کی زندگی کا ذاتی فیصلہ تھا۔واضح رہے کہ میرا سیٹھی پاکستان کے معروف صحافتی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد نجم سیٹھی اور والدہ جگنو محسن ممتاز صحافی اور ٹی وی شخصیات ہیں، جبکہ ان کے بھائی علی سیٹھی موسیقی کی دنیا کا معروف نام ہیں۔ میرا سیٹھی نے نومبر 2019 میں کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 2023 میں طلاق پر ختم ہوگیا، جبکہ گزشتہ برس انہوں نے عوامی سطح پر اس علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ میرا سیٹھی "کچھ ان کہی"، "محبت صبح کا ستارہ ہے"، "چپکے چپکے" اور "ڈاکٹر بہو" سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت حاصل کر چکی ہیں۔