پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شان شاہد نے کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے اداکاروں کے رویے پر کھل کر تنقید کی ہے، جس کے بعد شوبز انڈسٹری میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
شان شاہد کا شمار پاکستان کے نمایاں فلمی ستاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اردو اور پنجابی فلم انڈسٹری میں طویل کیریئر کے دوران سینکڑوں فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کی حالیہ فلم ’’بلھا‘‘ کو بھی باکس آفس پر کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ وہ عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’’سائیکو‘‘ میں بھی نظر آئیں گے۔کراچی میں اپنی نئی فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر جب شان شاہد سے مقامی بڑے فنکاروں کی عدم موجودگی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس پر کھل کر ردعمل دیا۔انہوں نے کہا کہ بعض فنکار اپنے مخصوص دائرے تک محدود رہتے ہیں اور جب بھارت سے کام کی پیشکش ہو تو “فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی”، لیکن مقامی سطح پر لاہور اور کراچی کے فنکاروں کے درمیان ایک واضح فاصلے کا تاثر موجود رہتا ہے۔
شان شاہد کے مطابق وہ کراچی میں ہونے والے اچھے کام کی قدر کرتے ہیں، تاہم ان کے مطابق بعض بڑے اداکار لاہور کے فنکاروں کو وہ پذیرائی نہیں دیتے جس کی توقع کی جاتی ہے۔ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے جبکہ بعض نے اسے غیر ضروری تنقید قرار دیا ہے۔