گندم فروخت کی حد کے خاتمے سے چھوٹے زمینداروں کو براہ راست فائدہ ہوگا:شرجیل میمن

گندم فروخت کی حد کے خاتمے سے چھوٹے زمینداروں کو براہ راست فائدہ ہوگا:شرجیل میمن

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گندم فروخت کی حد ختم کرنا اور فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے چھوٹے آبادگاروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کسان اب بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی گندم سرکاری مراکز پر فروخت کر سکیں گے۔ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی ہے جبکہ خریداری کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گندم خریداری مہم کو تیز کرنے کے لیے متعلقہ اضلاع میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کم خریداری والے علاقوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔سندھ بینک کے ذریعے ایک دن کے اندر فیول سبسڈی کی ادائیگی کو شفافیت اور بہتر انتظامی کارکردگی کی مثال قرار دیا گیا ہے۔ اب تک کروڑوں روپے کی بروقت ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گندم سرکاری مراکز پر فروخت کریں تاکہ انہیں فوری ادائیگی اور حکومتی سہولیات مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہاریوں کے مفادات اور غذائی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔