وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو براہ راست چیلنج کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے طلبہ کے لیے مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں، اتنے ہی فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چیلنج کیا کہ وہ بھی خیبر پختونخوا کی طرز پر اپنی پوری آبادی کو مفت صحت کارڈ فراہم کریں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے نہ صرف اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا بلکہ اب لائف انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا، جبکہ پنجاب کی آمدن صرف 12 فیصد بڑھی۔وزیراعلیٰ کے پی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس موجود ہے اور یہ واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا طے شدہ ٹارگٹ حاصل کیا، جبکہ پنجاب حکومت 300 ارب روپے کے سرپلس ہدف کے برعکس 146 ارب روپے کا خسارہ کر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہی ہے، ہر بچی کو 2 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب خیبر پختونخوا کی کارکردگی کے ایک فیصد کے برابر بھی نہیں ہے، اور وہ اس پر مناظرے کے لیے تیار ہیں۔