لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا

لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا

لاہور میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بعض مقامات پر تین گھنٹے تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لائن لاسز اور نظام پر دباؤ بڑھنے کے باعث اعلانیہ اور غیر اعلانیہ دونوں طرح کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔لیسکو کے مطابق شہر میں بجلی کی مجموعی طلب تقریباً 3600 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر سے فراہمی صرف 3100 میگاواٹ تک محدود رہی، جس سے طلب اور رسد میں واضح فرق پیدا ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث تقریباً 800 میگاواٹ اضافی ڈیمانڈ بھی سامنے آئی ہے، جس نے بجلی کے نظام پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے۔شہریوں نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔